بسم اللہ الرحمن الرحیم
نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم
جنگ یرموک کا ایک واقعہ
حضرت ابوجہم بن حذیفہ رضی اﷲ عنہ کہتے ہیں کہ میں یرموک کی لڑائی میں اپنے چچازادبھائی کی تلاش میں نکلا کہ وہ لڑائی میں شریک تھے اور ایک مشکیزہ پانی کا میں نے اپنے ساتھ لیا کہ ممکن ہے وہ پیاسے ہو تو پانی پلاؤں. اتفاق سے وہ ایک جگہ اس حالت میں پڑے ہوئے تھے کہ دم توڑ رہے تھے اور جان کنی شروع تھی. میں نے کہا پانی کا گھونٹ دوں. انہوں نے اشارہ سے ہاں کی. اتنے میں دوسرے صاحب نے جو قریب ہی پڑے تھے اور مرنے کے قریب تھے ، آہ کی میرے چچازاد بھائی نے آواز سنی تو مجھے ان کے پاس جانے کا اشارہ کیا . میں ان کے پاس پانی لے کر گیا وہ ہشام بن ابی العاص تھے، ان کے پاس پہنچا ہی تھا کہ ان کے قریب اسی حالت میں ایک تیسرے صاحب دم توڑ رہے تھے ، انھوں نے آہ کی، ہشام نے مجھے ان کے پاس جانے کا اشارہ کردیا. میں ان کے پاس پانی لے کر پہنچا تو ان کا دم نکل چکا تھا میں ہشام کے پاس آیا تو وہ بھی جاں بحق ہوچکے تھے . ان کے پاس سے اپنے بھائی کے پاس لوٹا تو اتنے میں وہ بھی اس دنیا سے رخصت ہوچکے تھے.
(ابن کثیر)
( ''صحیح اسلامی واقعات ''، صفحہ نمبر 78)
Bookmarks