View RSS Feed

SamJIya

اسم کی اقسام (استعمال کے لحاظ سے)

Rate this Entry
by , 1st May 2013 at 11:49 PM (1807 Views)
اسم بک را- اسم تعارفہ- اسم اعظم- اسم بالمسمیٰ۔ اسم نامعلوم- اسم بکرا


وقت کے ساتھ گرائمر کے استعمال میں فرق آتا چلا گیا ہے اور آج ہم اسم کی نئی اقسام جو استعمال کے لحاظ سے ہیں پہلی بار متعارف کروا رہے ہیں۔ان کی خاصیت یہ ہے کہ یہ اسم کی اقسام عام استعمال کی جاتی ہیں لہذا ضرورت اس امر کی تھی کہ انکو بھی پابند گرائمر کیا جاتا اور یہ شرف خدا نے پہلی بار اس خاکسار کو عناعیت کیا ہے۔


اسم بک را : یہ پاکستان میں سب سے زیادہ چلنے والا اسم ہے۔ پہلے لوگ اپنے سے عمر میں بڑوں کا احترام کرتے ہوئے اس اسم کو اپنے ہم عمروں میں استعمال کرتے تھے تاہم اب فقط اپنے سے زیادہ پیسے والے کا احترام کیا جاتا ہے۔باقی جس کو دیکھ لیں غصے سے پیار سے خرافات ہی بک را ہو گا۔ عام زندگی میں اس کی مثالیں عام ملتی ہیں۔ کہیں معمولی سی بات ہوئی نہیں اور اسم بک را آیا نہیں۔ اس کی تین حالتیں ہیں۔ اسم "کتے" کے حساب سے پہلی حالت کتا، دوسری بھونکنے والا کتا۔اور آخری کتی کا بچہ ہے۔ آخری حالت کے بعد اکثر حالت اسپتال جانے کے قابل رہ جاتی ہے۔ پھٹے کپڑے اور خون و خون ہونے پر ہی معاملہ ٹلتا ہے۔


اسم تعارفہ: اسم تعارفہ ایک زمانے میں عام پایا جاتا تھا تاہم آہستہ آہستہ اس کی جگہ اسم معاوضہ نے لے لی۔ اب فقط خاص خاص بندوں کا اسم تعارفہ چلتا ہے لیکن اب بھی جب چلتا ہے تو ان پڑھوں کو مشیر مقرر کرا دیتا ہے۔


اسم اعظم: یہ وہ اسم ہے جس کے پڑھنے سے تمام مسائل حل ہو جائیں۔ پہلے یہ کوئی وظیفہ ہوتا تھا کہ فلاں قبر کے سرہانے ایک ٹانگ پر پڑھیں اور تمام دنیا تسخیر کر لیں تاہم علی بابا چالیس چور کے کھل جا سم سم کے بعد لوگوں نے متبادل اور آسان اسم اعظم تلاش کرنے شروع کرنے شروع کر دیے اور آج کل اس قسم کے اسم اعظم چلتے ہیں کہ میں گیلانی صاحب کا بھتیجا ہوں، میں خان صاحب کا داماد ہوں، کلیم صاحب میرے چچا ہیں اور اکثر یہ اسم کام کر جاتے ہیں -


اسم بالمسمیٰ: پہلے لوگوں کے نام واقعی ایسے ہوتے تھے کہ سوچتے تھے حلیم صاحب انتہائی نرم دل ہوں گے اور شقیق صاحب انتہائی پیار کرنے والے لیکن وقت کے ساتھ باقی چیزوں کی طرح اس میں بھی کھوٹ شامل ہونا شروع ہو گیا ہے اور اب نام زاہد ہو گا اور اعمال سب الٹے ہوں گے۔ نام مومن ہو گا اور آپ سے رشوت طلب کر رہے ہوں گے۔تاہم اب یہ اسم اعمال کی بجائے عہدے کی بنیاد پر کام کرتا ہے جیسے نوکر کا ایک نام ہو گا وہ بھی شرفو، کریمو۔ اس سے معزز بندے کا نام دو حروف والا ہو گا یہ سفید پوش بندے کی پہچان ہے جیسے محمد شریف، عبدالکریم۔ اس کے بعد جیسے جیسے بندے کا عہدہ بڑھتا جاتا ہے اسکے ناموں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جاتا ہے جیسے میاں محمد نواز شریف۔ مخدوم سید یوسف رضا گیلانی۔ جناب آصف علی زرداری وغیرہ وغیرہ اور تو اور جب کا ہمارا بلاگ پڑھا جانے لگا ہے ہم بھی علی حسان سے سید علی حسان لکھنے لگے ہیں -


اسم نا معلوم: اسم نامعلوم اس اسم کو کہتے ہیں جو نا معلوم ہو یا جس اسم سے جانتے بوجھتے پردہ پوشی کی جائے۔اسکی مثال کراچی والوں سے اچھی کون دے سکے گا مزید تفصیل کے لیے انہی سے رابطہ کریں۔


اسم بکرا(سابقہ اسم الو): یہ اسم بھی ہمارے معاشرے میں عام پایا جاتا ہے۔اس اسم کا فعل ٹوپی پہنانا ہے۔پہلے اس کو اسم الو پکارا جاتا تھا تاہم ہمسایہ ملک کی ثقافت کی یلغار کے بعد اب یہاں پر بھی یہ اسم بکرا کے نام سے رائج ہے۔اسم بکرا کے دو مستعملات ہیں۔ ایک میں جب آپ کو بکرا بنایا جائے اور یہ عمل ہر پاکستانی دوسرے پاکستانی پر دوہرانے کی کوشش کرتا رہتا ہے۔جس کا بس چلتا ہے وہ دوسرے کو بکرا بنا کر بیچ کھاتا ہے۔ دوسرا جب ہم خود فخریہ طور پر اسم بکرا بنتے ہیں اور قومی مفاد کی بجائے میں میں کی گردان کرتے رہتے ہیں۔ پچاس سال دھکے کھانے کے بعد بھی جہاں سے سنیں بکرے کی میں میں کی آواز آئے گی۔

Submit "اسم کی اقسام (استعمال کے لحاظ سے)" to Digg Submit "اسم کی اقسام (استعمال کے لحاظ سے)" to Twitter Submit "اسم کی اقسام (استعمال کے لحاظ سے)" to Facebook Submit "اسم کی اقسام (استعمال کے لحاظ سے)" to del.icio.us Submit "اسم کی اقسام (استعمال کے لحاظ سے)" to StumbleUpon

Categories
Uncategorized

Comments

  1. shakeelahmad215's Avatar
    • |
    • permalink
    pehlay he ba'mushkill ye stages paaar ke hain konsa zamana yaad dilaa dia...........
    SamJIya likes this.