لاہور:
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عظمت سعید شیخ نے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کرنے کی درخواست پر فل بنچ تشکیل دے دیا۔
بنچ کی سربراہی چیف جسٹس خود کریں گے جب کہ دیگر ارکان میں جسٹس ناصر سعید شیخ اور چودھری شاہد سعید شامل ہیں۔سینئر وکیل اے کے ڈوگر نے لاہور ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیر اعظم عدالتی احکامات پر عمل نہیں کرتے اس لئے ان کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم اپنے خطابات اور تقریروں کے دوران کہتے ہیں کہ وہ عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہیں جب کہ عملاً ایسا نہیں۔عدالت نے کیس کی تاریخ مقرر نہیں کی تاہم آنے والے دنوں میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔